حکومت کی پوری توجہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی پوری توجہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔جمعرات کے روزاسلام آباد میں ضروری اشیا کی قیمتوں میں کمی کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گندم کے آٹے کی قیمت غریب عوام کو سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ خزانہ عبد الحفیظ شیخ، وزیرِ برائے اقتصادی امور خسرو بختیار ، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر اور سینئر افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور بریفنگ دی گئی کہ کاروباری برادری کی جانب سے معیشت کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں کا بھرپور خیر مقدم کیا جا رہا ہے ،ان پالیسیوں کی بدولت کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، ان کو کورونا کے باوجود بھی کاروبار کرنے کے لئے موافق فضا میسر آئی ہے۔اجلاس میں قیمتوں میں کمی لانے کے لئے متعدد تجاویز پیش کی گئیں۔انتظامی اقدامات کے علاوہ ٹیکنالوجی کے استعمال کی تجاویز بھی پیش کی گئیں جن کا مقصد شفافیت اور کاشتکاروں کے استحصال کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے انہیں حتمی شکل دی جائیگی۔