ترکی میں اغوا کیے جانے والے چھ پاکستانیوں کو ترک پولیس نے بازیاب کرالیا
ترکی میں اغوا کیے جانے والے چھ پاکستانیوں کو بازیاب کرالیا گیا, ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ترک حکام نے بازیاب ہونے والے پاکستانیوں سے متعلق سفارتی عملے کو آگاہ کردیا ہے, ترجمان کے مطابق اغوا کیے جانے والے تمام پاکستانیوں کو ترک پولیس نے بازیاب کرایا جبکہ بازیاب ہونے والوں میں فضل امین، عادل احمد، محمد ذیشان، عابد علی، عثمان علی اور اشبار احمد شامل ہیں, ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ترک حکام کی جانب سے قانونی تقاضے پورے کیے جارہے ہیں، پاکستان قونصلیٹ ترک پولیس کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے جبکہ پاکستانی قونصلیٹ نے ترکی کی حکومت سے بازیاب ہونے والے پاکستانی نوجوانوں تک رسائی مانگ لی ہے, ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان نے ترک حکومت اور حکام کی بروقت کارروائی پر شکریہ بھی ادا کیا,اس سے قبل غیر قانونی طریقے سے ترکی جانے والے پاکستانی نوجوانوں کو اغوا کرلیا گیا تھا, اغوا کاروں نے مغویوں پر بہیمانہ تشدد کیا اور اس کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے لواحقین سے پچاس ہزار ڈالر تاوان کا بھی مطالبہ کیا تھا, جس کے بعد حکومت نے مغوی پاکستانیوں کی بازیابی کیلئے ترک حکام سے رابطہ کیا اور بازیابی کی کارروائی عمل میں آئی,اسی طرح منگل کے روز ایف آئی اے نے گوجرانوالہ میں کارروائی کرکے نوجوانوں کو غیر قانونی طریقے سے ترکی بھجوانے والے تین ایجنٹوں کو گرفتار بھی کیا تھا