لائبیریا کےدارالحکومت میں بلیک بورڈ پر پڑھے جانے والے اخبارکی 17 سال سے اشاعت جاری
مغربی افریقہ کے ملک لائبیریا میں بلیک بورڈ پر لکھا جانے والا اخبار 17 سال سے عوام کو خدمات فراہم کر رہا ہے۔جرمن خبررساں ادارے کے مطابق روزنامہ ٹاک نامی یہ اخبار دارالحکومت مونروویا کے مرکز میں سڑک کے کنارے نصب بلیک بورڈ پر تحریر کیا جانے والا یہ اخبار ملک کی سرکاری زبان انگریزی میں شائع ہوتا ہے اور راہگیروں کے لئے بلا اجرت پیش کیا جاتا ہے۔اخبار کے ایڈیٹر الفرڈ سرلیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم 2000 ءسے قومی و بین الاقوامی خبروں پر مشتمل اس اخبار کو قارئین کے لئے تیار کرر ہے ہیں۔بلیک بورڈ پر شائع کیا جانے والا یہ اخبار لائبیریا کے شہریوں کو بلا اجرت خبریں پیش کرتا ہے اور اس سے ہمارا مقصد عوام کو ملک اور دنیا کے حالات و واقعات سے آگاہ کرنا ہے۔سرلیف نے کہا کہ یہ اخبار بلیک بورڈ پر واحد صفحے کی شکل میں شائع ہوتا ہے اور نارمل اخبار سے کسی طرح بھی مختلف نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اخبار کی آمدنی کا انحصار چند اشتہاروں پر ہے۔ ہم بلیک بورڈ کے ایک حصے پر بعض فرموں کے اشتہارات لکھتے ہیں اور وہ فرمیں، ہمیں کیمرے ، کاغذ اور دیگر اسٹیشنری کے سامان کی فراہمی کرتی ہیں۔