ٹوکیو کے ہوٹلوں میں معذور افراد کےلئے کمروں کی تعداد میں اضافے کے لیے اقدامات
جاپان کے حکام نے کہا ہے کہ 2020 ءٹوکیو اولمپکس اور پیرالمپکس کی تیاریوں کے ضمن میں ہوٹلوں میں معذور افراد کی رہائش کے لئے کمروں کی تعداد میں اضافے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق 25 اگست سے 6 ستمبر 2020ء تک منعقد ہونے والے پیرالمپکس دیکھنے کے لیے 23 لاکھ کے قریب افراد جاپان آئیں گے جن مین معزور افراد بھی ہو سکتے ہیں۔ ٹوکیو بلدیہ عظمیٰ کے تخمینے کے مطابق ٹوکیو گیمز کے دوران معذور افراد کے لیے موزوں 850 کمروں کی یومیہ ضرورت ہو گی اور فی الوقت ٹوکیو میں ان کمروں کی تعداد کم ہے جن کو بڑھانے کے لئے حکومت فوری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ دوسری انٹرنیشنل پیرالمپک کمیٹی نے ٹوکیو گیمز کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ساتھ ملاقاتوں میں نشاندہی کی ہے کہ معذور افراد کے لیے موزوں کمروں کے لحاظ سے جاپان دیگر صنعتی ترقی یافتہ ممالک سے پیچھے رہ گیا ہے۔ ٹوکیو کی حکومت کو امید ہے کہ رواں سال ستمبر میں ایک قانون لاگو کر دیا جائے گا جس کے تحت ایک ہزار مربع میٹر یا زائد رقبے کی حامل ہوٹل کی عمارات کے لیے تمام کمروں کو معذوروں کی رہائش کے لیے موزوں بنانا لازمی قرار دیا جائے گا۔