پاکستان میں کاروبار اورسرمایہ کاری کو منافع بخش بنانا حکومت کا عزم ہے،عمران خان

انقرہ: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو منافع بخش بنانے کے حوالے سے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ دورہ ترکی کے دوان پاک ترک بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 'کرپشن کی وجہ سے سرمایہ کاری میں کمی اور انڈسٹری تباہ ہوتی ہے ، لیکن اب ہم سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور ملک میں کاروبار کی لاگت میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے آسانیاں پیدا کی جارہی ہیں'۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'ترک سرمایہ کاروں سے پاکستان میں سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی ہے اور میں یقین دلاتا ہوں کہ آپ پاکستان میں سرمایہ کاری کوفروغ دینے والی حکومت پائیں گے'۔ عمران خان نے بزنس کونسل سے خطاب میں کہا کہ 'خطے کی بڑی منڈیوں کے سنگم پر واقع ملک پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع ہیں'۔