کھلے مصالحہ جات کی فروخت پر5مصالحہ شاپس،جانوروں کے فضلہ جات کی موجودگی پرسپائس گرائنڈنگ یونٹ سیل
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پرفوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کھلے مصالحہ جات کی فروخت اورصفائی کے غیر معیاری انتظامات پر5مصالحہ شاپس اورسپائسز پروڈکشن یونٹ کو سر بمہر کر دیا۔متعدد فوڈ پوائنٹس کو سابقہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کر نے اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر93,000کے جرمانے عائدکیے ۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گرین ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے سابقہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے،زائدالمیعاد اشیاء،جانوروں کے فضلہ جات کی موجودگی،ناقص سٹوریج،گندے اور بد بودار ماحول کی بناء پرخاور سپائسز گرائنڈنگ یونٹ کو سیل کر دیا۔مزید برآں اکبری منڈی میں کھلے ملاوٹی مصالحہ جات کی فروخت کے خلاف کارروائیاں کر تے ہو ئے ہدایات پر عمل نہ کر نے کی بناء پر5مصالحہ شاپس کو سیل کیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر شہری تک پہنچنے والی خوراک کو محفوظ بنانا ہمارا مشن ہے۔صحت دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے سزائیں اور قوانین مزید سخت کرنے کی سفارش کریں گے۔ علاوہ ازیں مختلف کارروائیوں کے دوران متعدد فوڈ پوائنٹس کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 93,000کے جرمانے عائد کیے گئے ۔ بھاری مقدارمیں ملاوٹی مصالحہ جات ضبط کر لیے گئے ۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چیکنگ کے دوران فوڈ پوائنٹس کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر37فوڈ پوائنٹس کواصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے ۔