ٹرمپ نے’’ پاکستان سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں‘‘ کا بیان دیکر حکومت کو ایک بار پھر دانہ ڈالا ہے،سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے’’ پاکستان سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں‘‘ کا بیان دیکر حکومت کو ایک بار پھر دانہ ڈالا ہے ،اگر حکمرانوں نے ٹرمپ کے وعدوں پر اعتماد کیااور دوبارہ امریکی جال میں پھنس گئے تو یہ ان کی سادگی کا سب سے بڑا ثبوت ہوگا۔حکومت ٹرمپ کی بجائے اللہ کے وعدوں پر یقین کرے اور سچے دل سے تائب ہو کر اسلام کا بلاسود معاشی نظام نافذ کردے تو تمام پریشانیوں سے نجات مل سکتی ہے ۔حکمران کفایت شعاری اور سادگی اختیار کریں اور ٹیکسوں کی بجائے زکواۃ و عشر کا نظام قائم کردیں تو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ذلت نہیں اٹھانا پڑے گی ۔حکومت کی اب تک کی معاشی پالیسیوں سے معاشی بدحالی ،مہنگائی اورقرضوں میں اضافہ ہوا ہے ۔موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کا تسلسل ہے ۔حکومت تبدیل ہوئی ،پالیسیاں وہی ہیں ۔
نئی حکومت اب تک عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی ہے ۔ معاشی پالیسیاں یہی رہیں تو 2019عوام کی مشکلات میں اضافے کا سال ہوگا۔موجودہ حکومت کے پانچ ماہ میں ڈالر قریبا 32روپے مہنگا ہوا۔اس وقت 13لاکھ کے قریب لوگ ٹیکس دیتے ہیں ۔ عشر و زکواۃ کا نظام رائج کردیا جائے توکروڑ وں لوگ زکواۃ دیں گے۔جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک عام آدمی کی آواز بن چکی ہے ۔کرپشن فری پاکستان تحریک کو منطقی انجام تک پہنچا کررہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری مرکزی مجلس شوریٰ کے افتتاحی اجلاس سے اور بعد ازاں جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مطلب نکل جاتا ہے تو ٹرمپ پاکستان کو دھمکیاں دینا شروع کردیتا ہے ،جب دوبارہ مطلب پڑتا ہے تو ساتھ مل کر چلنے کی بات کرتا ہے جس پر حکمران پھولے نہیں سماتے اوردوبارہ امریکی جال میں پھنس جاتے ہیں ،امریکہ نصف صدی سے پاکستان کے ساتھ یہ گھناؤنا کھیل کھیل رہا ہے لیکن ہمارے حکمران ہر بار امریکی فریب کا شکارہوجاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو خود فریبی سے نکل کر اب کی بار ٹرمپ کو منہ نہیں لگانا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کا اب بھی قبلہ ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف ہے ،انہی کی ڈکٹیشن پر پالیسیاں بن رہی ہیں جس کی وجہ سے معاشی صورتحال دگرگوں ہوچکی ہے ۔عوام کی مشکلات کو کم کرنے کی طرف حکومت کی کوئی توجہ نہیں ۔غربت ،مہنگائی ،بیر وزگاری اور بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک سے کرپشن کے ناسور کو جڑسے اکھاڑ پھنکنے کیلئے جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک جاری ہے ،اس تحریک کی بدولت کرپشن کے خاتمہ کا نعرہ اب کراچی سے چترال تک بچے بچے کی زبان پر ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ہماری یہ تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوکر رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ کارکنا ن ملک میں نظام الصلواۃ قائم کریں ۔یہ کام حکومت کا ہے مگر کسی حکومت نے بھی اس طرف اس لئے توجہ نہیں دی کہ یہ کام حکمرانوں کی کسی ترجیح میں نہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیاست اصلاح کا نام ہے ۔اللہ کے دین کے غلبہ کیلئے کی جانے والی سیاست حلال اور اللہ کی بجائے کسی فرد یا پارٹی کی حاکمیت کیلئے کی جانے والی سیاست حرام ہے ۔ہم حرام سیاست سے اسی طرح پناہ مانگتے ہیں جس طرح شیطان سے پناہ مانگتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو حکومت کا موقع ملا تو ہم سب سے پہلے نظام صلواۃ اور زکواۃ قائم کریں گے اور تمام امور کا مرکز مسجد کو بنائیں گے ۔