پاکستانی سائنسدان کا پاسپورٹ پھاڑنے والا ایف آئی اے اہلکارمعطل
ملتان : پاکستانی سائنسدان کا پاسپورٹ پھاڑنے پر ایف آئی اے اہلکار کو معطل کردیا گیا جبکہ اے ایس آئی محمد ابو بکر کے ملتان ائیر پورٹ داخلے پربھی پا بندی عائد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اہلکار کی جانب سے پاکستانی سائنسدان کے کھانسنے پر پاسپورٹ پھاڑنے کے معاملے پر ڈائریکٹرایف آئی اے پنجاب زون ٹو نے نوٹس لے لیا۔ ڈائریکٹرایف آئی اے پنجاب زون ٹو نے ملتان ائیرپورٹ پر تعینات اے ایس آئی محمدابوبکرکومعطل کرتے ہوئے ملتان ائیر پورٹ پر داخلے پرپابندی بھی عائد کر دی ، جس کے بعد ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرنے معطلی کے احکامات جا ری کر دئیے۔ اس سے قبل ایف آئی اے عملے کی جانب سے پاکستانی سائنس دان کے کھانسنے پر پاسپورٹ پھاڑنے کے معاملے کا سی اے اے نے نوٹس لیا تھا اور ایف آئی اے نے تحقیقات بھی شروع کر دی جبکہ تفصیلات اور فوٹیج طلب کر لی۔