بھارتی معاشرہ ہندو بالادستی کی لپیٹ میں ہے ، معاون خصوصی اطلاعات

اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو قائداعظم کے وژن کی حقیقی تصویر بنایاجارہا ہے۔ ہفتے کے روز مختلف ٹویٹس میں انہوں نے کہاکہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے جہاں ذات ، رنگ ونسل اور مذہب کی بنیاد پر کوئی تفریق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنے مذہب کے مطابق زندگیاں بسرکرنے کا حق حاصل ہے اور آئین پاکستان ان کے حقوق کا ضامن ہے ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پاکستان کی طرف سے کرتار پور راہداری کھولنا بین المذاہب ہم آہنگی کی روشن مثال اوراس حقیقت کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے۔