11جنوری سے تعلیمی اداروں کو کھولنا مشکل:شفقت محمود

اسلام آباد :-وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں 11 جنوری سے تعلیمی اداروں کو کھولنا مشکل نظر آ رہا ہے ، وزرائے تعلیم اجلاس میں مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا، امتحانات کو مئی جون تک ملتوی کرنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ بچوں کو تیاری کا موقع مل سکے ، اس بار گزشتہ کارکردگی کی بنا پر بچوں کو اگلی کلاسوں میں پروموٹ نہیں کیا جائے گا، انہیں امتحان دینا پڑے گا۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجز کے امتحانات کا فیصلہ وزارت صحت کرے گی، چاہتے ہیں کہ ایس او پیز کے تحت میڈیکل کے طلبہ کیلئے امتحانات کا انعقاد کیا جائے ۔ گرمیوں کی چھٹیوں کو کم کرنے کی بھی تجویز ہے تاکہ بچوں کا کورس مکمل ہو سکے ۔ واضح رہے کہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا نفرنس آج بروز سوموار وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی صدارت میں ہوگی۔