ملک میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تصدیق

حکام نیشنل ادارہ برائے صحت(این سی او سی) کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم کا شکار ہونے والے دونوں افراد نے حالیہ دنوں میں برطانیہ کا سفر کیا تھا، ابتدائی رپورٹس میں انہیں افراد میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی موجودگی کا شبہ تھا تاہم اب ان دونوں افرادمیں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تصدیق ہو گئی ہے۔ حکام نے مزید کہا کہ وائرس کی نئی قسم کی برطانیہ کے علاوہ 31 ملکوں میں موجود گی کی تصدیق ہوئی ہے۔ قبل ازیں محکمہ صحت سندھ نے برطانیہ سے واپس آنے والے 12 افراد کے ٹیسٹ کیے تھے اور 12 میں 6 مریضوں کا کووڈ ٹیسٹ پازیٹو آیا، جینو ٹائپنگ سے پتہ چلا کہ 3 مریضوں میں نیا مہلک وائرس موجود ہے، مریضوں میں پایا جانے والا وائرس برطانیہ میں پائے جانے والے وائرس سے 95 فیصد مماثلت رکھتا تھا۔ خیال رہے کہ برطانیہ میں کورونا کی ایک نئی قسم سامنے آچکی ہے جو وائرس کی پہلے دریافت ہونیوالی قسم سے بھی زیادہ تیزی سے منتقل ہوتا ہے اور کورونا کی سامنے آنیوالی یہ قسم پہلے وائرس سے زیادہ تبدیل ہو چکا ہے۔