شہباز شریف کی ایک بار پھر میڈیکل بورڈ بنانے کی استدعا

لاہور : اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے احتساب عدالت سے ایک بار پھر میڈیکل بورڈ بنانے کی استدعا کردی ، جس پر فاضل جج نے کہا تحریری درخواست دیں قانون کے مطابق حکم دوں گا۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں شہبازشریف فیملی منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن کے روبرو شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کو پیش کیا گیا۔ پیشی کے موقع پر احسن اقبال ، مریم اورنگزیب اور امیر مقام سمیت دیگر ن لیگی رہنما بھی عدالت پہنچے جبکہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گٸے تھے۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز پیش نہ ہوئے ، احتساب عدالت نے سوال کیا کہ امجد پرویزکہاں ہیں؟ جس پر شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ ان کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اس لیے کیس کی سماعت ملتوی کی جائے ۔