فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں گیس کا بحران شدید ہو گیا
فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں گیس کا بحران شدید ہو گیا، سخت سردی کے موسم میں گیس کی طویل بندش اورگیس پریشر میں کمی سے شہری دوہری اذیت سے دوچار ،گھروں میں خواتین کیلئے کھانا بنا نا بھی ناممکن ہوگیا،تندوروں پر رش ،ایل پی جی مہنگی ہونے سے لوگوں پر مالی بوجھ بڑھ گیا ،مختلف علاقوں میں خواتین کا برتن اٹھا کر احتجاج،سوئی گیس حکام اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی ۔ فیصل آباد کے مختلف علاقوںمدن پورہ غلام محمد آباد،جھنگ روڈ،پیپلزکالونی،مدینہ ٹاو¿ن،ڈی ٹائپ کالونی،سمن آباد،نثارکالونی،جھنگ روڈ،ستیانہ روڈسمیت شہر کے زیادہ تر علاقوں میں سخت سردی کے موسم میں گیس کی بندش اورگیس پریشر میں کمی سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ،گیس بندش کی وجہ سے خواتین کیلئے گھروں میں کھانا بنانا بھی ممکن نہیں رہا اور لوگ ہوٹلوںا ورتندوروں سے کھانا خریدنے پر مجبور ہوچکے ہیں ،متعددعلاقوں میں گیس بندش کیخلاف خواتین نے برتن اٹھا کر شدید احتجاج کیا اورنعرے بازی کی،شہریوں کا کہنا ہے کہ سردی کی شدت بڑھتے ہی گیس غائب ہو چکی ہے، شکایات کے باوجود کہیں بھی کوئی شنوائی نہیں ہورہی، گیس نہ ہونے پر ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنا پڑتا ہے لیکن اس سے ان کا گھریلو بجٹ بہت متاثر ہورہا ہے ، خواتین کے مطابق ان کے لیے گھروں میں کھانا پکانا مشکل ہو چکا ہے ، سردیوں میں گیس بنیادی ضرورت ہے جس کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے حکومت کو اقدامات کرنے چاہئیں۔شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ سردی شروع ہوتے ہی گیس کی لوڈ شیڈنگ معمول بن چکی ہے ، گیس نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ، سلنڈر بھروا کر گزارا کر رہے ہیں، جس سے ماہانہ اخراجات متاثر ہوتے ہیں۔ گیس کی بندش کیخلاف سراپا احتجاج شہریوں نے بتایا کہ اعلیٰ حکام کو گیس قلت اور گیس کی بندش کی مسلسل شکایات کر رہے ہیں مگرکوئی پوچھنے والا نہیں۔ انہو ں نے مطالبہ کیا کہ شدید سردی میں گیس کی فراہمی بحال کی جائے ۔سوئی ناردرن حکام کے مطابق گھریلو صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر گیس دی جا رہی ہے ۔