قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث ہیڈ کوچ مصباح الحق کا چیف سلیکٹر کے بعد ہیڈ کوچ کا عہدہ بھی خطرے سے دو چار
لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا چیف سلیکٹر کے بعد ہیڈ کوچ کا عہدہ بھی خطرے سے دو چار ہو گیا جبکہ دورہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں باولنگ شعبہ مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام ہونے کی وجہ سے باولنگ کوچ وقار یونس کا بھی ٹیم کا ساتھ مستقبل سوالیہ نشان بن گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے دونوں افراد کے مستقبل کے بارے میں غور کرنا شروع کر دیا ہے ،اس حوالے سے کرکٹ کمیٹی کی جو بھی رپورٹ آئے گی اس کا جائزہ لیکر مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق اور وقار یونس کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں آخری موقع دیا جائے گا، اگر اس میں بھی کامیاب نہ ہو سکے تو پاکستان ٹیم کے نئے کوچنگ پینل پر غور کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیم یوسف کی زیر نگرانی بنائی جانے والی کرکٹ کمیٹی کے بعض ارکان مصباح الحق کی بطور ہیڈ کوچ کارکردگی سے ناخوش ہیں۔ کرکٹ کمیٹی دورہ نیوزی لینڈ کے بعد مصباح الحق کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔ مصباح الحق کی کوچنگ میں ٹیم دفاعی حکمت عملی اپنا رہی ہے۔ کرکٹ کمیٹی دورہ نیوزی لینڈ پر کوچ کی رپورٹ پر جائزہ لے گی اور اپنی سفارشات تیار کر کے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کو بھجوائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ کی طرف سے سینئر کھلاڑیوں کی نظر انداز کئے جانے پر کرکٹ کمیٹی کے اراکین کو شدید تحفظات ہیں جس پر ہیڈ کوچ سے جواب بھی طلب کیا جائے گا۔