بیرون ملک سے پاکستان آنے والوں کے لئےنیا حکم نامہ جاری
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والی پروازوں سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا جس پر 5 جنوری سےعمل درآمد ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والی پروازوں سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کورونا کے باعث پابندی والے ممالک کی کیٹیگریز بی اور سی فہرست کو مکمل ختم کردیا۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حکومتی احکامات پر نیا حکم نامہ جاری کردیا۔ این سی او سی کی ہدایت پر نئی ٹریول ایڈوائزری کا نوٹیفکیشن جاری گیا ہے ، نوٹیفکیشن میں پاکستان آنے والوں کیلئے پروازسے 48 گھنٹے قبل پی سی آرٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، پی سی آرٹیسٹ 15سال یا زائد عمر کے مسافروں کے لیے لازمی قرار دیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اومی کرون کے پیش نظر یورپ سے آنے والوں کیلئے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے آنے والی 50 فیصد پروازوں کےمسافروں کے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ ہوں گے۔ سی اے اے کے مطابق مثبت ٹیسٹ والے مسافروں کو10دن حکومتی قرنطینہ سینٹرز پررکھاجائے گا جبکہ مسافروں کا اپنے طور پرمنتخب جگہوں پر اپنے خرچ پر قرنطینہ کا آپشن موجود ہے ۔ کسی ہوٹل یا مخصوص جگہ پر قرنطینہ مسافر اپنے اخراجات اٹھانے کے پابند ہوں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال 14 دسمبر کو پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے بیرونِ ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے کورونا ویکسی نیشن کی مکمل ڈوز کے بغیر پاکستان سفر کی سہولت کے اجازت نامے میں 2 ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔