سال 2021 میں پورٹ قاسم کے منافع میں 29 فیصد اضافہ
پاکستان پورٹ قاسم کے منافع میں سال 2021 میں 29 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے پورٹ قاسم کی ایک سالہ کارکردگی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کی ہے۔ علی زیدی کے مطابق پورٹ قاسم کا منافع سال 20-21 میں 29 فیصد زیادہ رہا جو کہ 19.76ارب روپے بنتا ہے۔ پورٹ قاسم کے سالانہ اخراجات میں 2.18 فیصد کمی بھی لائی گئی ہے جبکہ پورٹ قاسم نے حکومت پاکستان کو 8 ارب روپے ٹیکس بھی ادا کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ شئیر کرتے ہوئے کہا کہ پورٹ قاسم کی شاندار کارکردگی پر بہت خوشی ہوں۔ علی زیدی کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم ایک ریاستی ادارے کو پیشہ ورانہ مہارت سے چلانے کی اعلی مثال ہے۔
وزارت بحری امور کے انقلابی اقدامات، پورٹ قاسم کا منافع 20-21 میں %29 زیادہ رہا جو 19.76ارب روپے بنتا ہے۔ ادارے کے سالانہ اخراجات میں 2.18 فیصد کمی لائی گئی اور ادارے نے حکومت کو 8 ارب روپے ٹیکس بھی ادا کیا ہے۔ پورٹ قاسم ریاستی ادارے کو پیشہ ورانہ مہارت سے چلانے کی اعلی مثال ہے۔ pic.twitter.com/VOrVrKyF0Y
— Ali Haider Zaidi (@AliHZaidiPTI) January 4, 2022
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں ملکی ادارے مزید بہتری کی جانب گامزن ہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے بتایا کہ پاکستان کی برآمدات میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 15 ارب 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی برآمدات ہوئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 12 ارب 11 کروڑ ڈالر کی کل برآمدات تھیں۔ ماہ دسمبر میں 2 ارب 76 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی کل برآمدات رہیں جبکہ گزشتہ سال دسمبر میں کل برآمدات 2 ارب 36 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی تھیں۔