مراد علی شاہ سے رمیز راجہ کی ملاقات، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پر بات چیت

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن، کرکٹ پروموشن سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے میچز کے لیے سکیورٹی انتظامات کے دوران عوام کو تکلیف سے بچانے کا بھی عزم کیا۔ مراد علی شاہ نے حیدرآباد اور سکھر میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اظہار دلچسپی کیا۔ انہوں نے کہا حیدرآباد کا اسٹیڈیم تو بہترین ہے صرف ہوٹل کا مسئلہ ہے۔ ہم اب منصوبہ بنا رہے ہیں کہ کھلاڑیوں کو بائی ایئر لیکر جائیں۔ یہ منصوبہ پی سی بی سے فائنل کرینگے۔مراد علی شاہ نے کہا جب کرکٹ حیدر آباد لے جائینگے تو مزید ٹیلنٹ آگے آئے گا۔ سکھر میں ہم اسپورٹس کمپلیکس بنا رہے ہیں۔ سکھر کے کمپلیکس میں 2 کرکٹ گراؤنڈز، فٹبال اور دیگر گراؤنڈٖ ہونگے۔ پی سی بی کی ٹیکنیکل ٹیم سکھر اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کرے۔ ہم پی سی بی کی رہنمائی میں سکھر گراؤنڈ بہتر کرینگے۔ انہوں نے چیئرمین کرکٹ بورڈ کو شیلڈ، اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی.