آوارہ کتوں کو نایاب نسل بنا کر بیچنے والا گرفتار
کراچی میں جعل ساز آوارہ کتوں پر مہنگی نسل کے کتوں جیسارنگ کرکے نایاب بنا کر انٹر نیٹ کے ذریعے بیچنے لگے۔جعل سازوں نے آوارہ کتوں کو بیچ کر خریداروں سے لاکھوں روپے ٹھگ لیے، پولیس نے نارتھ ناظم آباد سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا،جس نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ایس پی گلبرگ بشیر بروہی کے مطابق نارتھ ناظم آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آوارہ کتوں کو رنگ کرنے کے بعد مہنگی نسل کا ظاہر کرکے فروخت کرنے والے ملزم صغیر کو گرفتار کرلیا۔مدعی ریاض الدین نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نے اسے انٹر نیٹ پر کتا فروخت کیا، جب اسے نہلایا گیا تو حقیقت کھل کر سامنے آ گئی۔پولیس نے خریدار بن کر ملزم کو گرفتار کر لیا اور ملزم صغیرکے قبضے سے رنگے گئے 4جعلی لیبرا ڈور کتے برآمد کر لیے۔ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے اور بتایا ہے کہ فراڈ کے اس کام میں اس کے دوسرے ساتھی بھی ملوث ہیں۔