سپریم کورٹ نے پرویز مشرف اور آصف علی زرداری سے بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لیں
سپریم کورٹ آف پاکستان میں این آر او سے فائدہ اٹھانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ ملک قیوم اور آصف زرداری کی طرف سےجواب کب آئے گا؟ جس پر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے جواب دیا کہ زرداری صاحب کی طرف سےجواب آگیا ہے۔ چیف جسٹس نے فاروق نائیک سے مکالمہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ آپ نے وعدہ کیا تھا، اب کچھ کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ جس پر فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ جہاں تک آصف زرداری کا تعلق ہے، ہم نے ان کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ آپ نے پراپرٹی اور فارن اکاؤنٹ ظاہر کرنے ہیں، لوگوں نے ایمنسٹی اسکیم میں پیسہ وائٹ کر لیا ہے۔ عدالت نے پرویز مشرف اور آصف علی زرداری سے بیرون ملک اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا کہ آپ لوگوں کے باہر کوئی اثاثے ہیں یا نہیں، تمام فریق بیرون ملک جائیدادیں اور غیر ملکی اکاؤنٹس ظاہر کریں، کسی کی کوئی آف شور کمپنی ہے تو وہ بھی ظاہر کریں۔ سپریم کورٹ کو اعتماد میں لیں، سپریم کورٹ کو اعتماد میں لینے میں کیا مسئلہ ہے؟ تمام فریق اپنے بیان حلفی سپریم کورٹ میں جمع کرانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔