پاکستان تاجکستان کامختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط کومزید فروغ دینے کے عزم کااعادہ
پاکستان اورتاجکستان نے تجارت ،توانائی، زمینی اورفضائی روابط،سائنس اور ٹیکنالوجی ، زراعت اورآڈٹ اوراکائونٹس سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط کومزید فروغ دینے کے عزم کااعادہ کیاہے۔یہ بات تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں تجارت، معیشت اورسائنسی وفنی تعاون کے بارے میں پاکستان اورتاجکستان کے مشترکہ کمیشن کے چھٹے اجلاس میں کہی گئی۔پاکستانی وفد کی قیادت وزیرتوانائی عمرایوب خان نے کی جبکہ تاجکستان کے وفد کی قیادت عثمان زادہ عثمان علی نے کی۔فریقین نے دونوں ملکو ں کے درمیان مختلف شعبوں میں وسیع امکانات کااعتراف کرتے ہوئے ایک معاہدے پربھی دستخط کئے۔وزیرتوانائی عمرایوب خان نے دورے کے دوران تاجکستان کے وزیرخارجہ اور تجارت اور معیشت کے وزیرسے دوطرفہ ملاقاتیںبھی کیں اورٹرانسپورٹ اور توانائی کے روابط کے شعبوں میں خصوصاً تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پرتوجہ دینے کاعزم ظاہر کیا۔