پارک لین ریفرنس' احتساب عدالت کاآصف زرداری پر 6جولائی کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں 6جولائی کو سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر ہر صورت فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔آصف زرداری کی طبیعت خراب ہونے کی صورت میںگھر یا اسپتال سے ویڈیو لنک کے ذریعے ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ رجسٹرار احتساب عدالت اسلام آباد نے قومی احتساب بیورو (نیب)کراچی کو انتظامات مکمل کرنے کے لیے خط لکھ دیا۔عدالت نے آصف علی زرداری کی خراب صحت ہونے پر گھر یا اسپتال میں ان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے رجسٹرار کے خط میں کہا گیا ہے کہ 6 جولائی کو کراچی میں موجود ملزمان کی ویڈیو لنک پر حاضری یقینی بنائی جائے۔خط میں کہا گیا ہے کہ 6 جولائی کو نیب کراچی آصف علی زرداری سمیت تمام ملزمان کی حاضری یقینی بنائے۔نیب کراچی کو ویڈیو لنک پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔خط میں یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ خواجہ انور مجید، فاروق عبد اللہ سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے نیب کراچی کے دفتر میں ویڈیو لنک کے انتظامات کیے جائیں۔ پارک لین ریفرنس میں آصف علی زرداری پر جعلی بینک اکانٹس کے ذریعے قومی خزانے کو 3 ارب 77 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔