ملک بھر کے مختلف حصوں میں لوڈ شیڈنگ قبول نہیں: شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے لوڈ شیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی فراہمی میں قلت اور اس پر قیمتوں میں اضافہ دوہرا ظلم ہے۔ لیگی صدر کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف حصوں میں لوڈ شیڈنگ قبول نہیں، اضافی گیس اور تیل ملنے کے باوجود بجلی کی پیداوار میں قلت صرف نالائقی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہیں، شہر قائد میں بجلی کی فراہمی میں قلت اور اس پر قیمتوں میں اضافہ دوہرا ظلم ہے۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر میں وافر بجلی کی موجودگی کے باوجود لوڈشیڈنگ کی شکایات میں اضافہ صرف نااہلی اور بدانتظامی ہے۔ عوام حیران ہیں کہ لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے اور بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ بھی جاری ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عوام کورونا وبا، معیشت کی تباہی اور بیروزگاری سے دوچار ہیں، بجلی گیس کے بل بھی بڑھتے جارہے ہیں۔ موجودہ حکومت ہر روز عوام کے صبر کا کڑا امتحان لے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ظلم دَر ظلم ہے۔ ظلم کی حکومت ظالمانہ اقدامات سے ظلم کی تبدیلی لائی ہے۔ قائد محمدنوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کئے۔