ملک کے مختلف شہروں میں بارش، گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے
) ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے، تلہ گنگ میں گھرکی چھت گرنے سے معصوم بچی جاں بحق ہو گئی، دادی اور پھوپھی زخمی ہوگئی، کئی علاقے زیرآب آ گئے، سینکڑوں فیڈرز ٹرپ کرگئے، کراچی ،ٹھٹھہ،بدین اور حیدر آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں مون سون نے انٹری ڈالی، کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش، کئی علاقے زیرآب آ گئے، آندھی سے کھمبے اوردرخت اکھڑ گئے، سینکڑوں فیڈرز ٹرپ ہو گئے، چھتیں گرنے کے واقعات بھی ہوئے، کراچی ،ٹھٹھہ،بدین اور حیدر آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ تلہ گنگ میں طوفانی بارش نے قہر ڈھادیا، مکان کی چھت گرنے سے کم سن بچی دم توڑ گئی، دادی اور پھوپھی شدید زخمی ہوگئی۔ لاہور،گوجرانوالہ، ڈسکہ، حافظ آباد، فیصل آباد، سکھیکی میں آندھی سے درخت زمین پر آن پڑے۔ سرگودھا، بھلوال ،خوشاب، جوہرآباد ،منڈی بہاؤالدین،شورکوٹ اور سانگلہ ہل میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ قصور،ننکانہ صاحب، جھنگ اور دینہ سمیت متعدد شہروں میں بجلی غائب ہوگئی، آندھی اور بارش نے کہیں تباہی مچائی تو کہیں موسم سہانا ہوگیا۔ گرمی کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، دیربالا، ڈی آئی خان، سمیت خیبرپختونخوا، گلگت، کشمیرمیں بادلوں نے رنگ جمایا۔ موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ،،بارشوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔