وزیراعلی پنجاب ٹینٹ لگانے کی ڈرامہ بازی کرنے کے بجائے کوئی پلانٹ لگاتے تو یہ عوام کی بہتر خدمت ہوتی۔ امتیاز صفدر وڑائچ

لاہورمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امتیاز صفدر وڑائچ کا کہنا تھا کہ خیمے لگانے سے بجلی پیدا نہیں ہوسکتی، وزاعلی پنجاب ٹینٹ مظاہروں کی سیاست کے ذریعے جمہوریت کو نقصان پہنچارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی جانب سے غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کی بات آمرانہ سوچ کی غمازی کرتی ہےتاہم پیپلز پارٹی اسمبلی کے اندر اور باہر اس خلاف بھر پور مزاحمت کرے گی۔امتیاز صفدر وڑائچ نے کہا کہ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ نون نے بجٹ تقریر کے دوران ہلڑ بازی کرکے جمہوریت سے اپنی نفرت کا اظہار کیا، انہوں نے بجٹ نہ سنا اور نہ دیکھا تاہم پیپلز پارٹی پنجاب کے بجٹ کے دوران یہ رویہ نہیں دہرائے گی۔