دوہری شہریت کیس میں سپریم کورٹ نے سینیٹررحمان ملک کی سینیٹ کی رکنیت معطل کردی ہے۔
سپریم کورٹ میں ارکان پارلیمنٹ کی دہری شہریت کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت میں ملک وحید انجم ایڈووکیٹ نے تیرہ ارکان پارلیمنٹ کی فہرست پیش کی۔ جن میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت دیگر جماعتوں کے نمائندے شامل ہیں۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ تیرہ ارکان میں سے آٹھ ارکان پارلیمنٹ کی شہریت تصدیق شدہ ہے۔ جن میں وزیر داخلہ رحمان ملک بھی شامل ہیں۔ رحمان ملک کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل دو ہزار آٹھ میں برطانوی شہریت ختم کرچکے ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ دو ہزار آٹھ میں شہریت چھوڑنے کا سرٹیفیکیٹ پیش کیا جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ رحمان ملک کے وکیل اپنا موقف صحیح طورپر پیش نہیں کرسکے۔ عدالت اس سے پہلے رکن قومی اسمبلی فرح ناز اصفہانی کی رکنیت بھی معطل کرچکی ہے۔ دوہری شہریت رکھنے والے اراکین کی فہرست میں حفیظ شیخ ،صابر بلوچ ،نادیہ گبول اور خواجہ آصف سمیت دیگر اراکان پارلیمنٹ کے نام شامل ہیں عدالت نے ان افراد کو نوٹس جاری کردیا ہے۔