سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل شروع
چہ مگوئیاں دم تو گئیں، انتخابات کی ریل پٹڑی پر آگئی، الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذات نامزدگی وصولی کا آغاز ہوگیا۔ ملک بھر کے آر او ز سے کاغذات نامزدگی حاصل کئے جاسکتے ہیں، شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 8 جون تک حاصل اور جمع کرائے جائیں گے، جس کی فیس سو روپے رکھی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، کاغذات نامزدگی اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہیں، جس میں ہرامیدوارکوآرٹیکل62،63کابیان حلفی جمع کراناہوگا، دوہری شہریت اور غیر ملکی پاسپورٹ کی تفصیلات بھی جمع کرانا ہونگی، بیان حلفی مین فوجداری مقدمات اور واجبات کی تفصیلات بھی بیان کرنا ہونگی۔ کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے صبح 8 بجے سے دن 4 بجے تک حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
قومی اسمبلی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سکیورٹی فیس 30 ہزار جبکہ صوبائی اسمبلی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی سکیورٹی فیس 20 ہزار روپے رکھی گئی ہے، ایک چوتھائی سے کم ووٹ حاصل کرنے کی صورت میں فیس ضبط کر لی جائے گی، سیاسی جماعتیں خواتین اور غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں کے لیے ترجیحی فہرستیں 8جون تک جمع کراسکیں گی، شیڈول کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست 8 جون کو ہی آویزاں کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14 جون تک کی جائے گی۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 19 جون تک دائر کی جاسکیں گی،اپیلیٹ ٹریبونل 26 جون تک اپیلیں نمٹائیں گے۔ 27 جون کو امیدواروں کی فہرست دوبارہ جاری کی جائے گی،جبکہ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 28 جون کو واپس لے سکیں گے۔ انتخابی نشان کے ساتھ امیدواروں کی فہرست 29جون کو جاری کی جائے گی اور 25 جولائی کو ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ ہوگی۔