ممتاز علمائے کرام نے خیبر پختون خوا میں عید کے اعلان کو مسترد کردیا

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں آج عید الفطر منانے کا اعلان کیا ہے، جسے ملک کے نامور علمائے کرام نے مسترد کردیا۔ اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں مفتی زبیر نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ہوتے ہوئے ایک مسجد کی انتظامیہ کے کہنے پر صوبائی حکومت نے کیسے اعلان کردیا۔ دریں اثنا مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ ریاست کی قائم کردہ کمیٹی کی موجودگی میں عید کا اعلان کر کے صوبائی حکومت کیا ریاست میں اختلاف پیدا کرنا چاہتی ہے؟ ایبٹ آباد کی جامع مسجد صدیق شریفی کے خطیب علامہ سعیداللہ ہزاروی نے کہا ہے کہ آج ہزارہ ڈویژن میں 29 واں روزہ ہوگا۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیر اطلاعات کے پی شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مسجد قاسم علی خان کو 112 سے زیادہ شہادتیں موصول ہوئیں، وزیراعلیٰ نے اظہار یکجہتی کے لیے کل عید منانے کا اعلان کیا ہے۔