امریکی وزیرخارجہ کی ڈچ ہم منصب سے ملاقات، ہواوے پر تبادلہ خیال
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ہالینڈ کے دورے کے دوران اپنے ڈچ ہم منصب اشٹیف بلاک سے ملاقات کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو ہونے والی ملاقات میں پومپیو نے کئی دوسرے معاملات پر بات چیت کرتے ہوئے چینی کمپنی ہواوے کے بارے میں امریکی خدشات پر توجہ مرکوز کی۔ ہالینڈ کے وزیر خارجہ کے مطابق ابھی تک کسی کمپنی کو اس ٹیکنالوجی کی تنصیب کا ٹھیکا نہیں دیا گیا ہے، یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ڈچ حکومت ملک میں نئی فائیو جی ٹیکنالوجی کے نیٹ ورک کو نصب کرنے کا ٹھیکہ دینے والی ہے۔ ہالینڈ کے علاوہ کئی دوسرے یورپی ممالک کی حکومتیں اگلے مہینوں میں فائیو جی ٹیکنالوجی کی تنصیب کو عملی شکل دینے والی ہیں۔ یاد رہے کہ امریکا چینی کمپنی ہواوے کو بلیک لسٹ کرچکا ہے، بعد ازاں ہواوے نے امریکی انتظامیہ کی جانب سے کمپنی کو بلیک لسٹ کیے جانے کے فیصلے کو امریکی عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے قانونی جنگ کو تیز کردیا ہے۔