انجلینا جولی نے زندگی کی 45 بہاریں دیکھ لیں

ہالی ووڈ کی معروف اورخوبصورت اداکارہ، فلمساز اور انسانی حقوق کی علمبردار انجلینا جولی 45برس کی ہو گئیں۔ ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی 4جون 1975 کو لاس اینجلس میں پیدا ہوئیں، انجلینا نے اپنے کیرئر کا آغاز بطور چائلڈ سٹار 1982 میں فلم لکنگ ٹو گیٹ آؤٹ سے کیا جس میں ان کے والد جان وو نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 1999 میں فلم گرل انٹررپٹڈ میں ایک نفسیاتی مریضہ کا کردار ادا کرنے پر انہوں نے بہترین معاون اداکارہ کا آسکر ایوارڈ حاصل کیا۔ 2001 کی ایکشن فلم لارا کرافٹ، ٹومب ریڈر نے انجیلنا کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا،2001 میں ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فلم لاراکرافٹ، ٹومب ریڈر نے انجلینا جولی کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔ اسی نام سے فلم سے پہلے اور اب تک کئی ویڈیو گیم بھی بنائی گئی ہیں، جس نے دنیا بھرمیں مقبولیت کے ریکارڈ قائم کر دیئے۔ 2005 میں ریلیز فلم مسٹر اینڈ مسز سمتھ میں اداکار بریڈ پٹ کے ساتھ ان کی جوڑی بہت مقبول ہوئی۔ فلم سے شروع ہونے والی دوستی محبت میں تبدیل ہوئی لیکن گیارہ برس کی رفاقت ستمبر 2016 میں طلاق پر ختم ہوئی ۔ وانٹڈ، سالٹ، اے مائٹی ہارٹ ،چینج لنگ اورمیل ایفیشنٹ ان کی کامیاب فلموں میں شامل ہیں۔ انجلینا کو 2012 میں اقوام متحدہ کی جانب سے خصوصی سفیر برائے مہاجرین نامزد کیا گیا۔ انجلینا جولی کی ایک وجہ شہرت یہ بھی ہے کہ انہوں نے دنیا کے مختلف علاقوں سے بچے گود لیے ہیں، جن کی پرورش کا فریضہ بھی سر انجام دے رہی ہیں۔ ہالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ فلمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی پیش پیش رہتی ہیں۔