کرونا وائرس: یو اے ای کا محدود پروازوں کے لیے بین الاقوامی ہوائی اڈے کھولنے کا اعلان

متحدہ عرب امارات نے بدھ کو اپنے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈے محدود پروازوں کے لیے کھولنے کااعلان کیا ہے۔ان ہوائی اڈوں پر ٹرانزٹ پروازوں ، تارکین وطن کی واپسی یا اماراتی شہریوں اور مکینوں کو لانے والی پروازوں کو اترنے یا وہاں سے روانہ ہونے کی اجازت ہوگی۔یو اے ای کی قومی اتھارٹی برائے ایمرجنسی ، کرائسس اور ڈیزاسسٹر کے ترجمان ڈاکٹر سیف الظاہری نے کرونا وائرس سے متعلق ایک پریس بریفنگ کے دوران میں یہ اعلان کیا ہے۔البتہ انھوں نے وضاحت کی ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مسافر پروازوں کی معطلی کا فیصلہ اب بھی مؤثر العمل ہے۔انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سے اپنے آبائی ممالک کو لوٹنے کے خواہاں تارکین وطن یا سیاحوں کے لیے عارضی طور پر محدود پروازوں کو چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔جن فضائی کمپنیوں کو پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے، ان میں امارات ائیر لائن ، اتحاد ، فلائی دبئی اور ائیر عربیہ شامل ہیں۔ وہ جمعرات چار جون کو اپنی پروازوں کے اوقات کا اعلان کریں گی۔امارات ائیر لائن (ایمریطس) کے چئیرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) شیخ احمد بن سعید آل مکتوم نے اس اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’ ہم اماراتی حکام کے یو اے ای کے ہوائی اڈے کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔امارات اور فلائی دبئی بہت جلد دبئی سے دوسرے شہروں کے لیے اپنی مسافر پروازوں کی بحالی کا اعلان کرنے والی ہیں۔‘‘قبل ازیں یو اے ای کی وزارت صحت نے بدھ کو کرونا وائرس سے ایک شخص کی وفات کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ اس مہلک وائرس کے مزید 571 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔اس طرح اب ملک میں کووِڈ-19 کے کیسوں کی تعداد 36359 ہوگئی ہے۔ان میں 270 افراد وفات پا چکے ہیں۔وہ کرونا کے علاوہ مختلف عوارض کا بھی شکار تھے۔