مقبوضہ کشمیر کے لوگ آزادی اور بنیادی انسانی حقوق سے دہائیوں سے محروم ہیں۔ چئیرمین چوہدری گلزار لنگڑیال

پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) گزشتہ سات دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر کے لوگ آزادی اور بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں اور بھارتی ظلم و بربریت کا شکار ہیں ، ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف فرانس کے چئیرمین چوہدری گلزار لنگڑیال نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان میں تمام اقلیتیں خصوصا مسلمان اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمان آبادی بھارتی کی متصبانہ مودی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کا نشانہ بن رہا ہیں ، مودی حکومت میں خاص طور پر اقلیتوں کو بے دردی سے نشانہ بنایا جارہا ہے ، اس کے خلاف نہ صرف انڈیا کے زیرتسلط کشمیر بلکہ بھارت کے اندر سے اورخصوصاً عالمی سطح پر آوازیں اٹھنا یقیناً کشمیریوں کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے ، چوہدری گلزار لنگڑیال نے مزید کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف اپنی آواز کو دنیا تک پہنچاتے رہیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے اور کشمیریوں کو آزادانہ ماحول میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں حق خودارادیت استعمال کرنے کی اجازت دلوائے۔