کشمیری نسل در نسل بھارتی جبر و استبداد کا سامنا کررہے ہیں۔ مرزا ساجد جرال ، چوہدری افضال لنگاہ

پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) مظلوم کشمیری نسل در نسل بھارتی جبر و استبداد اور ظلم و بربریت کا سامنا کررہے ہیں اور انسانی حقوق کی علمبردار طاقتیں اس ظلم پر آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معروف کشمیری راہنما مرزا ساجد جرال اور تحریک انصاف فرانس کے سینئر راہنما چوہدری افضال لنگاہ نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے بھارتی ظالمانہ اقدامات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے سال اگست میں بھارت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وہاں ہزاروں کی تعداد میں مزید فوجی دستے تعنیات کئے ہیں اور بے شمار سیاسی کارکنوں کو قید کردیا ہے۔ ۹ ماہ کے مسلسل لاک ڈاؤن کے دوران مواصلاتی رابطے اور انٹرنیٹ منقطع رہا۔ انہوں نے مزید کہاُکہ کشیدگی کے جاری رہنے کی وجہ سے جموں و کشمیر کے لوگ ناقابل برداشت تسلط میں زندگی گزار رہے ہیں جہاں وہ آزادی خصوصاً بنیادی انسانی حقوق سے کئی دہائیوں سے محروم ہیں اور انسانی حقوق کی کئی تنظیمیں اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر کا دفتر اپنے پچھلے دوسالوں کی رپورٹس میں اس حقیقیت کا اعتراف کرچکے ہیں۔ مرزا ساجد جرال اور چوہدری افضال لنگاہ نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے اور مقبوضہ کشمیر کا علاقہ ایک بہت بڑا عسکری زون اور مسئلہ کشمیر دنیا کا ایک خطرناک فلش پوائنٹ ہے۔