منی لانڈرنگ کیس:ایف آئی اے نے شہباز شریف اورحمزہ شہباز کی گرفتاری مانگ لی

لاہور کی اسپیشل کورٹ سینٹرل میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت جاری ہے ، وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہبازعدالت میں پیش ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز عبوری ضمانت کی توثیق کیلئے دلائل دے رہے ہیں۔ امجد پرویز نے اپنے دلائل میں کہا کہ ڈیڑھ سال تک تحقیقات کی گئیں ، ایف آئی اے کوئی شواہد ریکارڈ پر نہ لا سکی، پچھلے دور میں بدترین سیاسی انجینئرنگ کی گئی، لاہور ہائیکورٹ بھی سیاسی انجینئرنگ کو حقیقت قرار دے چکی ہے ، باپ بیٹا جب جیل میں تھے تو ایف آئی اے نے دونوں کو شامل تفتیش کیا، گزشتہ دور میں اپوزیشن لیڈرز کو دبانے کیلئے حکومتی مشینری کو استعمال کیا گیا۔ دورانِ سماعت فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیا ایف آئی اے کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی گرفتاری مطلوب ہے؟ اس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ دونوں کی گرفتاری مطلوب ہے کیونکہ دونوں ملزمان شامل تفتیش نہیں ہوئے ، ابھی ملزمان کا مزید کردار ثابت ہونا ہے۔