چودھری پرویز الہٰی کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کا فیصلہ محفوظ

پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں اینٹی کرپشن کی جانب سے تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی کو لاہور کچہری میں پیش کیا گیا، دوران سماعت اینٹی کرپشن کی جانب سے معزز جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا گیا۔ اینٹی کرپشن نے اس حوالے سے موقف اپنایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک کے ٹوئٹر اور فیس بک پر پیج ہیں، سیشن جج صاحب اس کیس کیلئے کسی اور جج کا انتخاب کریں۔ فاضل جج نے کہا کہ آپ لوگوں نے میرے خلاف درخواست دے دی، میرا کوئی فیس بک اکاؤنٹ نہیں ہے، میرا کوئی بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں ہے، کل آپ گوجرانوالہ میں گئے وہاں پر میں بیٹھا ہوا تھا، میرے کیس سننے سے آپ کو اعتراض ہے آپ سیشن جج کے پاس چلے جائیں۔ پرویز الہٰی کے وکیل رانا انتظار نے اپنے دلائل میں کہا کہ ایف آئی آر کی کاپی ہمیں نہیں دی گئی، آپ کے یہ کیس سننے پر اعتراض کر دیا گیا ہے، جس کے بعد عدالت نے سماعت میں کچھ دیر کیلئے وقفہ کر دیا۔