عمران خان کی درخواست پراین اے 122کے بیلٹ پیپرز اور انگوٹھوں کے نشانات کی نادرا کے ذریعے تصدیق کرنے کا حکم

الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم علی ملک نے انتخابی دھاندلی کے حوالے سے عمران خان کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔ الیکشن ٹربیونل نے حلقہ این اے 122میں ووٹوں پر انگوٹھوں کے نشانات کی نادرا سے تصدیق کرانے کی ہدائت کرتے ہوئے ایک ماہ میں تصدیقی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔عمران خان کی جانب سے دائر متفرق درخواست میں کہا گیا تھا کہ لوکل کمیشن کی رپورٹ کے مطابق اس حلقے میں انتخابی بے ضابطگیاں ہوئیں جن کی تصدیق کے لئے نادرا کو حکم دیا جائے۔ فیصلے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے وکیل اسجد سعید نے کہا ہے کہ وہ الیکشن ٹربیونل کے اس فیصلے کو چیلنج کریں گے۔عمران خان کے وکیل انیس ہاشمی نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے جمہوریت کے لئے سنگ میل قرار دیا ہے۔