کراچی: جعلی نوکری کا جھانسہ دینے والے سرکاری ملازم کو 11 سال قید

کراچی: اینٹی کرپشن کورٹ نے رشوت لے کر جعلی نوکری کا جھانسہ دینے والے سرکاری ملازم کو جرم ثابت ہونے پر 11 سال قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔ کراچی کی اینٹی کرپشن کورٹ میں کے ایم سی ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ملازم نعمان علی کی جانب سے رشوت کے عوض شہری کو سرکاری ملازمت کا جھانسہ دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ مقدمے کے مدعی عمران مہتاب نے بتایا کہ ملزم نعمان نے 4 لاکھ روپے رشوت لی اور جعلی کاغذات کے ذریعے نوکری لگوائی تاہم تنخواہ نہ ملنے پر معلوم ہوا کہ نوکری لگی ہی نہیں۔ مدعی مقدمے کا مزید کہنا تھا کہ ملزم نعمان نے جو کاغذات دیے وہ بھی جعلی تھے۔