مشکل وقت ختم نہیں ہوا،دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے تیار رہنا ہوگا۔ ایئر چیف
پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا، دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔پیر کو ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے فارورڈ آپریٹنگ بیسز کا دورہ اور ہوا بازوں، ائیر ڈیفنس، انجینئرنگ اور سیکیورٹی عملے سے ملاقاتیں کیں۔اس دوران ایئرچیف نے دشمن کے خلاف حالیہ فضائی کامیابی کے دوران عملے کے بلند حوصلے اورپیشہ ورانہ مہارت کوسراہتے ہوئے کہا کہ ہم خدائےِ ذوالجلال کے حضورسربسجود ہیں جس نے ہمیں یہ طاقت دی کہ ہم اپنی قوم کی امیدوں پر بھرپوراندازمیں پورا اترسکے۔ایئرچیف نے کہا کہ دشمن کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں مادرِ وطن کی سالمیت اوردفاع کے فریضے کو بطریقِ احسن انجام دینے پر پوری قوم کو پاک فضائیہ پر ناز ہے لیکن مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا، ہمیں ابھی بھی دشمن کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔قوم کی توقعات پر پورا اترنے پراللہ تعالی کے حضور سربسجود ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان نے بھارت کوکرارا جواب دیتے ہوئے 2 بھارتی طیاروں کومارگرایا تھا جب کہ ایک بھارتی پائلٹ بھی گرفتار کرلیا گیا تھا۔