گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ” گورنر شکایتی سیل“ کا افتتاح کر دیا

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پر وقار و سادہ تقریب میں گورنر ہاﺅس میں” گورنر شکایتی سیل“ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر چیف سی پی ایل سی، پولیس کے افسران اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ شکایتی سیل میں عوام اپنی شکایات براہ راست درج کراسکیں گے اس کے علاوہ گورنرہاﺅ س کی ویب سائٹ www.governorsindh.gov.pk اور فون نمبرز 99206202 -021، 99202337 -021 پر بھی عوام اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق افتتاحی تقریب میں سی پی ایل سی، قانون نافذ کرنےوالے اداروں اور کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کی مشترکہ کارروائی کے ذریعہ برآمد ہونےوالے 100سے زائد مسروقہ موبائل فونز مالکان کے حوالے کئے گئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاﺅس شکایتی سیل کو وزیر اعظم عمران خان کے پاکستان سٹیزن پورٹل کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، اب جو شکایات سندھ سے وہاں جاتی ہیں اس کا بھی یہاں سے ازالہ کیا جائے گا، اس میں سندھ حکومت کے دیگر ادارے بھی شامل ہوں گے ہفتہ میں ایک دن اس دفتر میں بیٹھ کر میں خود مسائل حل کرونگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پی ایل سی ایک مستند ادارہ ہے جبکہ حال ہی میں سندھ انڈسٹریل لائژن کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے جس میں انڈسٹری کے مسائل حل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پی ایل سی کے کراچی میں سات دفاتر ہیں لوگ کہیں بھی اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری کوشش ہے کہ گورنر ہاو¿س متحرک رہے تاکہ عوام کے مسائل زیادہ سے زیادہ حل ہوں اسی مقصد کے تحت ہی شکایتی سیل قائم کیا جا رہا ہے اب صوبہ کے لوگ پانی، بجلی،گیس، نا رکوٹکس سمیت دیگر مسائل یہاں درج کراسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شکایات عام ہیں کہ اسکولوں اور کالجوں کے باہر مبینہ طور پر منشیات سپلائی ہو رہی ہے پورے یقین کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ اب کسی منشیات سپلائی کرنے والے کو نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے سی پی ایل سی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ فعال کردار ادا کر رہا ہے اس ادارہ نے اب تک ساٹھ ہزار موبائل فونزبرآمد کرکے لوگوں کو دئیے لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے جب شہر میں موبائل فون چھیننا بند ہوجائیں گے تب ہی ہماری اصل کامیابی ہوگی۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنرعمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کا انعقاد خوش آئند ہے ہمیشہ کی طرح اس بار میں بھی اپنی فیملی کے ساتھ تمام میچز اسٹیڈیم میں دیکھوں گا اس طرح کی سرگرمیوں کو بحال کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی قوم باشعور ہے وہ جانتے ہیں کہ عمران خان کسی سے ڈرنے والا نہیںجذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس کیا لیکن کلبھوشن کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے بھارت نے ایڈ ونچر کرنے کی کوشش کی جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ نیب خود کار ادارہ ہے سیاسی انتقام ہوتا تو حکومت سے تعلق رکھنے والے تین وزیر فارغ نہیں ہو سکتے تھے واضح کردوں کسی بھی جماعت سے تعلق ہو نیب میں انکوائری آئے گی تو اسے بھگتنا ہوگی، نیب میں ایک بھی شکایت ہماری حکومت نے نہیں ڈالی یہ تمام پہلے کی شکایتیں ہیں ۔