احتساب عدالت کا عدالتی حکم کی تعمیل نہ ہونے پر نیب پر اظہار برہمی

سندھ بینک کو پچیس ارب کا نقصان پہنچانے کے ریفرنس میں عدالت نے ملزمان کے طلبی کے نوٹس کی تعمیل نہ ہونے پر نیب پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے منی لانڈرنگ سے سندھ بینک کو پچیس ارب نقصان پہنچانے کے ریفرنس کی سماعت کی، جہاں بلال شیخ،حسین لوائی، عبد الغنی مجید سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے تاہم یونس قدوائی، اسلم مسعود ، عدنان آفریدی طلبی کے باوجود پیش نہ ہوئے۔ دوران سماعت بعض ملزمان کے طلبی کے نوٹس کی تعمیل نہ ہونے پر عدالت کا برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نیب کو ملزمان کے تازہ ایڈریس، موبائل نمبر، ای میل کی تفصیلات مرتب کرنے اور پیش نہ ہونیوالے ملزمان کی طلبی کے نوٹس درست ایڈریس پر بھجوانے کی ہدایت کرتے سماعت 26مارچ تک ملتوی کر دی۔