ہر نزلہ زکام کو وائرس نہ سمجھیں، عوام خوف نہ پھیلائیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز چھپانے کی باتوں کو یکسر مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ عوام خوف نہ پھیلائیں اور بلا ضرورت ماسک کے پیچھے نہ بھاگیں،کوئی غیر ضروری چیز نہ کریں، ہر نزلہ زکام کو وائرس نہ سمجھیں، ملک میں بہت لوگوں کو نزلہ ہوتا ہے،چین میں موجود طلبہ کیلئے بہت کچھ کررہے ہیں،چینی حکومت پابندیوں کو نرم کرے گی تو ہم اپنے لوگوں کو لائیں گے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ ڈینگی سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی شروع کردی اور ڈینگی سمیت دیگر بیماریوں سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر ایک پروگرام لارہے ہیں۔ کورونا وائرس سے متعلق معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وائرس کے کیسز چھپانے کی بات 100 فیصد غلط ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام خوف نہ پھیلائیں اور بلا ضرورت ماسک کے پیچھے نہ بھاگیں،کوئی غیر ضروری چیز نہ کریں، اگر آپ چین یا وبا سے متاثرہ ملک سے واپس آئے ہیں تو اپنے آپ پر نظر رکھیں، 14 دن میں اگر کوئی علامت نظر آئے تو 1166 پر رابطہ کریں۔ ظفر مرزا نے مزید کہا کہ اگر آپ کے کسی قریبی دوست یا عزیز میں کورونا کی علامات ہیں تو اس کی بھی اطلاع دیں، ہر نزلہ زکام کو وائرس نہ سمجھیں، ملک میں بہت لوگوں کو نزلہ ہوتا ہے اس طرح افرا تفری پھیل جائے گی لہذا احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اگر کسی کو نزلہ زکام ہے تو اس سے دوری اختیار کریں۔چین میں موجود پاکستانی طلبہ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ چینی شہر ووہان میں 20 طلبہ ہیں اور ہوبئی صوبے میں 1094 پاکستانی ہیں، ہم ان کے ساتھ رابطے میں ہیں اور چینی حکومت کے ساتھ مل کر ان کی فلاح کے لیے بہت کچھ کررہے ہیں جب کہ طلبہ کو واپس لانے کے لیے چینی حکومت کے قوانین کا احترام کررہے ہیں، چین کی حکومت نے اپنے لوگوں پر بھی ایسی پابندیاں لگائی ہیں، چینی حکومت پابندیوں کو نرم کرے گی تو ہم اپنے لوگوں کو لائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ یہ ہماری حکومت کی پالیسیوں کا ہی نتیجہ ہے کہ ملک میں وبا ایسے نہیں پھیلی جیسے دوسرے ممالک میں ہے۔