سندھ ہائیکورٹ نےخورشید شاہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ کالعدم قراردے دیا

سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے احتساب عدالت کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ کو ضمانت پر رہا کرنے کے فیصلہ کو کالعدم قراردے دیا۔ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے نیب کی جانب سے احتساب عدالت کے فیصلہ کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ سمیت 18افراد پر ایک ارب 23کروڑ روپے کی کرپشن کا ریفرنس دائر ہے اور ملزم گرفتار ہے اور احتساب عدالت میں کیس بھی چل رہا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت نے 17دسمبر کو ریفرنس دائر نہ ہونے کی صورت میں ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا۔ نیب عدالت نے 50لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض خورشید شاہ کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ نیب نے احتساب عدالت کے فیصلہ کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔