پشاور میں ماسک پہننے والوں کی تعداد میں اضافہ ، ماسک دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کاسامنا
کرونا وائرس سے بچنے کے لیے پشاور میں ماسک پہننے والوں کی تعداد میں اضافہ ہواہے تاہم ماسک کی طلب میں اضافہ کے ساتھ ہی مارکیٹ میں ماسک کی عدم دستیابی نے بھی بحرانی کیفیت اختیارکرلی ہے جس کی وجہ سے ماسک کی قیمتوں میں نہ صرف اضافہ ہواہے بلکہ اس کے حصول میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ چین میں کرونا وائرس ظاہر ہونے سے پہلے پشاور شہر کے چوراہوں ‘بس سٹاپوں اور مارکیٹوں میں ماسک بہ آسانی سے دستیاب تھے تاہم کرونا وائرس سے بچنے کیلئے جب اس کے استعمال میں اضافہ ہواتو یہ نہ صرف مارکیٹ سے غائب ہونے شروع ہوگئے بلکہ اس کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا‘ پہلے ماسک 20 روپے میں فروخت ہوتے تھے تاہم اب عدم دستیابی میں اس کی قیمت 50روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ڈبگری بازار میں ادویات کے ہول سیلر ڈیلر عرفان نے کہاکہ کروانا وائرس کی وجہ سے ماسک کے استعمال میں اضافہ ہواہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں ماسک کی دستیابی میں مشکلات پیش آرہی ہیںاور مخصوص ٹولے نے مارکیٹ سے ماسک غائب کردیئے ہیں جومارکیٹ میں بحران کی کیفیت پیدا کرکے زیادہ سے زیادہ منافع کمانا چاہتا ہے.