سعودی عرب: 34 ارب 60 کروڑ ڈالر کی لاگت سے معیارِ زندگی پروگرام کا آغاز
سعودی عرب کی اقتصادی اور ترقیاتی کونسل نے معیارِ زندگی پروگرام 2020 کا آغاز کر دیا ہے ،جس پر 34 ارب 60 کروڑ ڈالر ( 130 ارب ریال ) لاگت آئے گی۔العربیہ ٹی وی کے مطابق معیار زندگی پروگرام بھی سعودی عرب کے معیشت کو متنوع بنانے اور تیل پر معیشت کا انحصار کم کرنے کے لئے جاری کردہ ویژن 2030ءکا حصہ ہے۔ مملکت کی وزارتی کونسل نے اس کی منظوری دی تھی۔سعودی ولی عہد اور اقتصادی وترقیاتی کونسل کے چئیرمین شہزادہ محمد بن سلمان کی کوششوں سے معیار زندگی پروگرام شروع کیا گیا ہے ۔معیار زندگی پروگرام کے تحت مختلف منصوبوں کی کل لاگت کا تخمینہ 130 ارب ریال لگایا گیا ہے۔اس میں سے ساڑھے 74 ارب ریال کی براہ راست سرمایہ کاری کی جائے گی۔اس کا ایک مقصد متعلقہ شعبوں میں غیر تیل خام قومی پیداوار میں 2020ء تک 20 فی صد سالانہ اضافہ کرنا ہے۔اس کے علاوہ آئندہ دو سال میں متعلقہ شعبوں میں مقامی مواد کا حصہ 67 فیصد ہوگا۔اس پروگرام کے تحت شہریوں کی فلاح وبہبود کے لئے مختلف نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے جس سے انھیں جدید شہری سہولتوں کی دستیابی کے علاوہ ملازمتوں کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔