نوازشریف کو فوج لائی تو عمران خان بتائیں انہیں کون لے کر آیا۔ رانا ثنااللہ
وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہاہے کہ عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کو فوج سیاست میں لیکر آئی تھی تو وہ بتائیں کہ انہیں کون سیاست میں لارہا ہے۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پوری قوم آج بھی نیب کے کردار کو پوری طرح سے فوکس کرتی ہے اور شک کی نظر سے دیکھتی ہے، زرداری صاحب جو اینٹ سے اینٹ بجانے چلے تھے، کس طرح نیب کی مہربانیوں کے حق دار ٹھہرے، سندھ میں کئی وزرا پر نیب کی تحقیقات کے تمام کیسز ختم کر دیے گئے۔ انکا کہنا تھا کہ کہا جارہا ہے کہ مظفر ٹپی بھی دیانتدار دار شفاف ڈکلیئر ہو گئے ہیں، پیرمظہرالحق کے خلاف اساتذہ بھرتی کروانے کا کیس تھا، انہیں بھی صادق اورامین کا سرٹیفکیٹ مل گیا ہے جب کہ فریال تالپور پر بھی کسی سے کچھ لینے کا الزام ثابت نہیں ہوسکا۔وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ 2013 کے انتخابات کی کہانی پوری قوم جانتی ہے جبکہ 2002کے انتخابات کے حوالے سے نیب کا کردار سب پر واضح ہے، چیئر مین نیب سے گزارش کروں گا کہ 2018کے الیکشن میں نیب کے کردار کو شفاف بنانے میں کامیاب نہ ہوئے تویہ المیہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کو فوج سیاست میں لیکر آئی تھی تو وہ بتائیں کہ انہیں کون سیاست میں لارہا ہے، فوج کا یہ کردار نہیں کہ کسی کو آگے لائے اور کسی کو پیچھے کرے۔ایس ایس پی جونیجو تشدد کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بری ہونے پر وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ کہا یہ سب کے بری ہونے کا موسم ہے اور عمران خان ان سب کے سرغنہ ہیں۔