گزشتہ دس سال کے دوران ماضی کی حکومتوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، حکومت کاشتکاروں سے ساری گندم خریدے گی، قبائلی عوام محب وطن ہیں: شاہ محمود قریشی
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ معاشی بحران موجودہ حکومت کاپیداکردہ نہیں اور گزشتہ دس سال کے دوران ماضی کی حکومتوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا۔
ہفتے کے روز ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین سمیت مسلم لیگ (ن) کی موجودہ نامزدگیوں کی توثیق نہیں کرتے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں موجودہ تبدیلیوں کی ان کے اپنے ارکان کی بڑی تعداد نے بھی حمایت نہیں کی۔
وزیرخارجہ نے مولانا مسعود اظہر کے بارے میں چین کے موقف کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا دوست ہے اور بھارت اس سلسلے میں بے بنیاد پراپیگنڈا اور افواہیں پھیلا رہا ہے ہمارے ذرائع ابلاغ کو ایسی افواہوں پر کان نہیں دھرنے چائیں۔
انہوں نے کہا کہ مسعود اظہر کے بارے میں ہمارے نکتہ نظر کو تسلیم کیا گیا ہے اور بھارت کو اس حوالے سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ BJP اور کانگریس مسعود اظہر اور پلوامہ واقعہ پر ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کاشتکاروں سے ساری گندم خریدے گی اور گندم خریداری کی مہم شفاف اور کامیاب بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام محب وطن ہیں اور انہوں نے دفاع میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (Q) کے مقامی حکومتوں کے بل کے بارے میں کوئی اختلافات نہیں ہیں چودھری پرویز الہی نے واضح طور پر مقامی حکومتوں کے نئے نظام کی حمایت کی ہے۔