امریکہ رواں برس کے آخر تک کورونا ویکسین تیار کرلے گا، صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ امریکہ رواں برس کے آخر تک کورونا وائرس کے علاج کے لیے ویکسین تیار کر لے گا۔ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سال کے آخر تک ویکسین کی تیاری کے لیے ہم مطمئن اور کوشاں ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں اسکول اور یونیورسٹیوں کو ستمبر سے دوبارہ سے کھولنے پر زور دوں گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کسی ملک نے ویکسین کی تیاری میں امریکی ماہرین کوشکست دی تو خوشی ہوگی۔دوسری جانب کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار سے بڑھ گئی جبکہ 35 لاکھ 66 ہزارسے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد میں سے 11 لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔امریکہ میں کورنا وائرس سے مزید ایک ہزار 735 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد امریکہ میں اموات کی تعداد 68 ہزار 598 سے تجاوز کر گئی ہے۔امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 11 لاکھ 88 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 78 ہزار 2 سو سے زائد ہو گئی۔