عمران خان کا اسلام آباد روانگی سے پہلے اہم پیغام

May 04, 2023 | 12:11

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد روانگی سے قبل زمان پارک لاہور میں ریکارڈ کروائے جانے والے خصوصی پیغام میں عمران خان نے قوم سے چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کیلئے باہرنکلنے کی درخواست کے علاوہ پھر سے ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ، ”وہ چار چیزوں پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹانگ پر سوجن کے باوجود عدالت جارہا ہوں کیونکہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، دوسروں (مخالفین ) کی طرح نہیں جو اپنے خلاف فیصلہ آنے پر ججز کے خلاف پروپیگنڈہ کرتے ہیں۔تین روز قبل لاہور ہائیکورٹ کو واضح طور پرکہا کہ جسے ہم ڈرٹی ہیری کہتے ہیں اس نے 2 بار مجھے قتل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ پہلے وزیرآباد میں جس میں جے آئی ٹی کی تفتیش اس کی وجہ سے سبو تاژ کی گئی کیونکہ تحقیقات کا سرا اسی کی جانب جانا تھا، دوسری دفعہ 18 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں مجھے قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ مراد سعید کو دھمکیاں مل رہی ہیں کہہ رہے ہیں کہ دہشتگرد اس کے پیچھے ہیں لیکن اگر مراد سعید کو کچھ ہوا تو اس کے پیچھے بھی ڈرٹی ہیری ہی ہوگا۔ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اگر مجھے کچھ ہوا تواس کے پیچھے بھی ڈرٹی ہیری ہوگا کوئی دہشتگرد نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مجھے کسی بیرونی ایجنسی سے نہیں اسی آدمی سے خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کا کال دے رہا ہوں ہفتہ 6 مئی کی شام ساڑھے پانچ بجے آپ نے اپنے محلوں میں ، گاؤں میں ایک گھنٹے کیلئے باہر نکلنا ہے اور اہپنے چیف جسٹس کے ساتھ اظہاریکجہتی کرنا ہے کیونکہ مافیا ان کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑا ہے ، اس نے سپریم کورٹ کو تقسیم کیا ہوا ہے، پاکستان کے آئین کی دھجیاں اڑا رہا ہے کیونکہ وہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، مہنگائی اور بیروزگاری نے پاکستان میں تباہی مچا رکھی ہے جس کی وجہ سے وہ ڈرے ہوئے ہیں اور پاکستان کے آئین ، سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کیخلاف جارہے ہیں۔

مزیدخبریں