لاہور ہائیکورٹ نے میچ فکسنگ میں ملوث تینوں کرکٹرز کے اثاثے منجمد کرنے سے متعلق درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی ہے۔

درخواست مقامی وکیل کی جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سلمان بٹ، محمد آصف، محمد عامر، سابق مینجر کرکٹ ٹیم یاور سعید اور سابق چئیرمین پی سی بی اعجاز بٹ نے کرپشن کی مدد سے اثاثے بنائے۔ درخواست گزار کے مطابق اعجاز بٹ اور یاور سعید بھی کرکٹرز کی کرپشن سے آگاہ تھے اور انہوں نے سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر کی کرپشن چھپانے میں معاونت بھی کی۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ سلمان بٹ، محمد آصف، محمد عامر، یاور سعید اور اعجاز بٹ کے اثاثے بحق سرکار ضبط کیے جائیں۔ فاضل عدالت نے درخواست اعتراض لگاتے ہوئے اخباری تراشے اور دیگر شواہد منسلک کرکے درخواست دوبارہ دائر کرنے کی ہدایت کی۔