مسلم لیگ نون نے ملک میں فوری عام انتخابات اور متفقہ نگران سیٹ اپ کا مطالبہ کردیا
مسلم لیگ نون کی جانب سے عام انتخابات کی تاریخ اور متفقہ نگران سیٹ آپ کے قیام کیلئے اپوزیشن لیڈر سے رابطے کا مطالبہ نون لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینٹر مشاہد اللہ خان نے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مسلم لیگ نون یا شریف خاندان کا اصغر خان کیس سے کوئی تعلق نہیں دنیا بخوبی جانتی ہے کہ یونس حبیب نے کس شخصیت کے ساتھ جیل کاٹی اور جنرل اسد درانی کو جرمنی اور پھر سعودی عرب میں کن کیلئے سفیر تعینات کیا گیا تھا۔ مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ کراچی اور بلوچستان میں بدامنی کی زمہ داری وفاقی حکومت کے مجرمانہ روئیے پر عائد ہوتی ہے۔ گذشتہ ساڑھے چار سالوں کے دوران بلوچستان میں ترقیاتی کاموں کیلئے دئیے جانے والے اربوں روپوں کے فنڈز وہاں کی صوبائی حکومت نے خود ہڑپ کر لیا۔ نون لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ کراچی میں پہلے ایک جماعت بھتہ لیتی تھی مگر اب پانچ یا چھ گروپس بھتے کے کاموں میں مصروف ہیں اور حکومتی نااہلی کا عالم یہ ہے کہ پیرول پر خطرناک مجرمان رہا ہو کر فرار ہوچکے ہیں اور پوچھنے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر زرداری ایوان صدر کو سیاسی اکھاڑہ مت بنائیں، انکے ہوتے ہوئے صاف شفاف الیکشن ممکن نہیں۔