بلاول بھٹو عمران خان بننے کی کوشش نہ کریں، کسی پر تنقید کرنے سے پہلے خود کی جانب دیکھیں : خواجہ سعد رفیق
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بلاول بھٹو زرداری کو آڑے ہاتھوں لیا۔ سعد رفیق نے کہا کہ بلاول بھٹو عمران خان بننے کی کوشش نہ کریں، تقریریں لکھنے والوں کی باتوں میں نہ آئیں اور کسی پر تنقید سے پہلے اپنی جانب دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی نے آئندہ بھی کچھ نہ کیا تو اگلے الیکشن میں پنجاب کی طرح سندھ سے بھی صفایا ہوجائے گا۔ وزیر ریلوے نے چیئرمین تحریک انصاف پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ملک میں ایسی پارٹی آگئی ہے جو ہر چیز پر استعفے مانگتی ہے، جو کسی بھی شہر کو بند کرے گا وہ اپنی سیاست لاک ڈاؤن کرے گا۔ اس کی تازہ مثال عمران خان کی ہے جنہوں نے کافی سبق سیکھ لیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اپنے جلسے کے دوران عمران خان کے والد کے بارے میں جو کچھ کہا وہ اس کی مذمت کرتے ہیں، عمران خان سیاسی مخالف ضرور ہیں لیکن کسی کے والدین کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیئے۔